زرداری سمیت تمام حکمران اپنے اثاثے ظاہر کریں ورنہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائے گی. تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان

Oct 30, 2011 | 22:29

سفیر یاؤ جنگ
عمران خان نے لاہور کے تاریخی مقام مینار پاکستان میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کا نام استعمال کر کے قوم پر ظلم کیا گیا، سولہ ہزار سے زائد لوگ خود کشیاں کر چکے ہیں، صدر زرداری نے امریکیوں کو خط لکھا کہ وہ فوج کی وجہ سے اس کی اچھے طریقے سے خدمت نہیں کر سکتے۔ پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جو مچھروں کا مقابلہ نہیں کر سکے ، وہ صدر زرداری جیسے مگر مچھوں کا مقابلہ کیا کریں گے
عمران خان نے کہا کہ فیکٹریاں بند ہو گئی ہیں، گیس لوڈ شیڈنگ اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستانی عوام کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے ۔پاکستان معدنیات سے مالا مال ملک ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور ٹیکس چوری ہے جسکے باعث ہم امریکا کی غلامی کر رہے ہیں اور بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو سیاستدان اپنے اثاثے ظاہر نہیں کریگا تحریک انصاف اسے سیاست میں نہیں آنے دیگی اور تمام سیاستدانوں کے اثاثوں کی خود تفتیش کرے گی۔
عمران خان نے کہا کہ بلوچی بھائیوں کی تمام محرومیاں دور کرینگے اور انہیں وہ مقام دینگے جو انہیں کسی نے نہیں دیا، حکمرانوں نے امریکی جنگ کو ڈالروں کے عوض اپنی جنگ بنایا اوراپنے لوگوں کے خون کا سودا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ملٹری ٓاپریشن اور ڈرون حملوں کی وجہ سے انتہا پسندی بڑھ رہی ہے اور قبائلی عوام طالبان بن رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا قائد اعظم نے کبھی بھیک نہیں مانگی ، عمران خان بھی مر جائے گا لیکن بھیک نہیں مانگے گا
انکا کہنا تھا کہ اب تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ آ چکی ہے، غیر جانبدارانہ الیکشن کمیشن کیلئے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرینگے
عمران خان نے کہا کہ وہ اقتدار میں آکر امریکہ اور بھارت سمیت تمام ممالک سے برابری کی سطح پر دوستی کریں گے لیکن کسی کی غلامی نہیں کی جائے گی،اپنے عظیم ہمسایہ ملک چین کے ساتھ دوستی کو مزید مستحکم بنائیں گے اور ملکی ترقی کے لیے چین سے مدد اور رہنمائی لیں گے۔ بھارت کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم فوری طور پر بند کرے، تحریک انصاف اپنے کشمیری بھایئوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے ان کا بھرپورساتھ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور ٹیکس چوری کے باعث پاکستان کو ہرسال تین ہزار ارب ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے جبکہ کرپشن کی روک تھام کے بغیر ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا
تحریک انصاف کے جلسے میں عمران خان سے قبل فاروق علوی، احسن رشید، میاں محمود الرشید سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مزیدخبریں