زرداری ٹولہ ”رینٹل ریلیوں“ کی بجائے خود سامنے آئے: مسلم لیگ ن

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کو گرانا ہمارا مقصد نہیں ہے‘ ہمارا ہدف صدر زرداری ہیں نہ حکومت بلکہ ہمارا ہدف وہ ناقص پالیسیاں ہیں جن کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے مہنگائی‘ کرپشن سمیت دوسرے مسائل کا نام لیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری تحریک کا یہ بھی مقصد نہیں ہے کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر جمہوری مداخلت ہوئی تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔ دریں اثناءاحسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اصولی موقف اپنایا ہے‘ ایم کیو ایم کی ریلی سے ہمیں کوئی سروکار نہیں‘ شہباز شریف نے غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کی۔ ایم کیو ایم 12 مئی کی یاد تازہ نہ کرے۔ شہباز شریف کی تقریر انتہائی شائستہ اور مہذب زبان میں تھی۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شرجیل میمن کو ٹپی اور اس کے حواریوں کے کالے کرتوت آشکار کرنے چاہئیں۔ اپنے آقا سے پوچھنا چاہئے کہ وہ اربوں روپے قوم کو واپس کرے جو اس نے پاکستان کے خزانے سے لوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے این آر او کے ذریعے جرائم کی معافی کی بھیک مانگی اور پی پی کی عزت کا سودا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کو سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں زرداری کا چہرہ بے نقاب کرنا چاہئے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کے بیانات کی روشنی میں بلاول ہاوس میں بیٹھے قبضہ گروپوں اور مافیا کے سربراہ ٹپی کی جانب توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ مشرف کی ٹیم ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) زرداری راج کو بچانے میدان میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی تقریر پر کراچی کو 20 لاشوں کا تحفہ دینے والے کس منہ سے پرامن احتجاج کی بات کرتے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ بابر اعوان اپنی کرپشن کی وجہ سے زرداری کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پےپلز پارٹی نے جمہو رےت کی آڑ مےں کر پشن کی لوٹ سےل لگائی ہوئی ہے۔ زرداری اور ان کا کرپٹ ٹولہ ملک اور جمہورےت کےلئے کےنسر سے خطرناک ہے۔ بھٹو کی پھانسی پر مٹھائی بانٹنے والا آج پےپلز پارٹی کا جےالا بن رہا ہے۔ پےپلز پارٹی جتنا مر ضی شور مچائے اب چور اور لےٹروں کا انجام قرےب آچکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے لئے غیر ملکی کمک اسے فائدہ پہنچانے کی بجائے بیک فائر کر جائے گی۔ اس نے غیر ملکی مفادات کے لئے سرگرم عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسہ کے موقع پر غیر ملکیوں کی کمک تحریک انصاف کی مدد کے لئے پہنچی ہے۔ پاکستان کے باغیرت اور باشعور عوام ”میڈ فار مدرلینڈ“ لیڈر شپ کے خلاف ”میڈ فار فارن لینڈ“ ایکسرسائز کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) نے زرداری ٹولے کو چیلنج دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسے جلوسوں، ریلیوں کے مقابلے میں خود میدان میں نکلیں، بیساکھیاں تلاش کرکے مینار پاکستان اور کراچی میں رینٹل ریلیاں مت کروائیں، شہبازشریف کی تقریر کو بدزبانی کہنے والوں کو ایم کیو ایم کے الطاف حسین اور وسیم اختر کی پنجاب اور پنجابیوں کے خلاف دشنام طرازی پر سانپ کیوں سونگھ گیا تھا۔ گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان سمیت دیگر رہنماﺅں نہال ہاشمی، سید محمد مہدی، طارق گل و دیگر نے پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور (ق) لیگ کو ایک ہی قرار دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے کہا ہے کہ زرداری راج پاکستانیوں کو جمہوریت سے محروم کرنے والا دور ہے ملکی تاریخ میں ایسی کرپٹ ترین حکومت اس سے قبل دیکھنے کو نہیں ملی ان سے پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہے۔ کرپشن کا مطلب زرداری اور زرداری کا مطلب کرپشن ہے۔ زرداری الطاف اتحاد پاکستان میں خونی قیادت کے آخری کردار ثابت ہوں گے۔ (ن) لیگ غیر جمہوری قوتوں کو کسی قیمت سپورٹ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ماڈل ٹاون میں سردار ذوالفقار کھوسہ، رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی بیرسٹر سلطان ابراہیم، عابد شیر علی، خرم دستگیر اور رکن صوبائی اسمبلی ندیم کامران موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ صدر مملکت فوج کا سپریم کمانڈر ہوتا ہے آصف علی زرداری اسی عہدے کےلئے موزوں نہیں ہیں۔ انہوں نے ایوان صدر کو سیاست کا گڑھ بنا دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن