اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) قومی تعمیر نو بیورو کے سابق چیئرمین دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ہم نے مہنگائی بیروزگاری اور مقامی حکومتوں کے انتخاب میں تاخیر کے خلاف 3 نومبر سے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا، اس سلسلے میں پہلا جلسہ گوجرنوالہ میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جیوے پاکستان جیوے مقامی حکومت کے صوبائی قائدین اور سابق ناظمین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر دانیال عزیز نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقامی حکومتوں کے فنڈز کے غیر قانونی استعمال اور ان میں کئے گئے گھپلوں پر ایک ”وائٹ پیپر“ بھی جاری کیا۔ صوبائی حکومتوں کے مالیاتی حقوق میں گذشتہ دو سال کے دوران جو خوردبرد کی گئی ہے اس کے مطابق پنجاب میں 119.7 بلین سندھ میں 83.5 بلین خیبر پی کے میں 23.8 بلین جبکہ بلوچستان میں 8.8 بلین روپے کے گھپلے ہوئے۔