چکوال (ثناءنیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے بتایا کہ 1993ءسے 1995ءتک جب وہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ملٹری سیکرٹری تھے تو بے نظیر بھٹو نے متعدد بار اُنہیں کہا کہ ہم نے فوج کے صوبیدار، میجروں کو چھ، چھ مربعے دئیے ہیں، آپ میرا آدھا کام کرتے ہیں لہٰذا میری خواہش ہے کہ آپ حکم کریں میں آپ کی کیا خدمت کر سکتی ہوں، جس پر میں نے اُنہیں کہا کہ میرا گاو¿ں پادشاہان اور اُس کے اردگرد کے دیہات سوئی گیس سے محروم ہیں جس پر نہ صرف وزیراعظم نے پورے علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی کے لیے فنڈز جاری کیے بلکہ سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کرنے کے لیے بھی وہ خود چکوال جلسہ کرنے کے لیے آئیں۔ وہ عید ملن جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جنرل عبد القیوم نے مزید کہا کہ غلام مصطفی کھر اُس دور میں وفاقی وزیر بجلی اور پانی تھے، وہ بھی جب بی بی کو ملنے وزیراعظم سیکرٹریٹ آتے تو کہتے جنرل صاحب کوئی حکم کریں، تو میں نے اُنہیں بھی کہا کہ میرا ذاتی کوئی کام نہیں، میرے علاقے کے دیہاتوں میں ہمیشہ بجلی کی وولٹیج کم رہتی ہے لہٰذا وہاں پر گرڈ اسٹیشن تعمیر کریں اور کروڑوں روپے کی لاگت سے یہاں پر گرڈ سٹیشن تعمیر ہوا ہے۔ جنرل عبد القیوم نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل اپنے حلقے کے عوام کی مشاورت کے ساتھ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے اگر حکم دیا تو وہ NA-60 سے الیکشن ضرور لڑیں گے۔