ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس فیصلہ سے ثابت ہو گیا کہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بڑے بڑے اتحاد قائم کر کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا مگر آئندہ عام انتخابات صاف و شفاف ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں اس وقت کوئی سیاسی سیل موجود نہیں۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وزیرستان میں آپریشن کا مقصد ملک میں انتخابات ملتوی کرانا ہیں تو انہوں نے کہا کہ انتخابات تو جنگوں میں بھی ہوتے رہتے ہیں افغانستان میں جنگوں کے دوران دو الیکشن ہو چکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن سے قبل سرائیکی صوبہ بنائیں گے، دریں اثناءآل پاکستان ایف بی آر انسپکٹرز اپ گریڈیشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر طاہر خاکوانی نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں تاج لنگاہ سے ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اسکی وفاقی حکومت جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لئے سنجیدہ ہے اور کمیشن کا قیام اہم پیشرفت ہے۔این این آئی کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتی عوام کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئینگے، عدلیہ نے صدر کے استثنیٰ پر میرا موقف تسلیم کر لیا۔ اصغر خان کیس کا فیصلہ واضح ہے اب مسلم لیگ (ن) نے بھی اسے تسلیم کرلیا۔
پیپلزپارٹی ڈیل پر یقین نہیں رکھتی، عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئینگے: گیلانی
Oct 30, 2012