شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) آر پی او شیخوپورہ چوہدری ذوالفقار احمد چیمہ اور ڈی پی او رانا عبدالجبار کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے دنوں میں پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر منشیات فروشی، ڈکیتی، راہزنی، قتل ، پتنگ بازی اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ، بھاری مقدار شراب، چالو بٹھیاں، لاکھوں روپے مالیت کا سامان پتنگ بازی اور دیگر مال مسروقہ برآمد کر لیا ہے، ڈی ایس پی قدوس بیگ نے میڈیا کو بتایا کہ بھکھی روڈ محلہ اصغر آباد میں 23سالہ نوجوان سعید خادم کو اسکے بھائی نعیم خادم نے دیگر اہلخانہ کے ہمراہ لڑکی کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور ریسکیو 15پر اسکی خود کشی کی کال چلانے کا ڈرامہ رچایا جسے پولیس نے اپنی محکمانہ تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 12گھنٹے کے اندر ملزم ٹریس کرکے اس اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے بعد محلہ سلطان پورہ میں پولیس نے چھاپہ مار کر عرصہ دراز سے سامان پتنگ بازی تیار کرنےوالے کارخانہ کے مالک پومی شاہ کو لاکھوں روپے مالیت کی تیار پتنگوں، ڈور اور خام میٹریل سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا احمد پورہ میں پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کے الزام میں دو ملزمان لقمان شیخ اور امتیاز علی کو پکڑ لیاگیا ، گھنگ روڈ پر جعلی پسٹل سے سادہ لوح شہریوں کو بیوقوف بنا کر لوٹنے والے تین رکنی گینگ کے ملزمان زاہد ، مظہر حبیب اور ندیم ساکنان چک نمبر 8بھکھی کو گرفتار کیا گیا، تھانہ بی ڈویژن پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے علامہ مشرقی پارک اور دیگر مقامات سے ناجائز اسلحہ ، سامان پتنگ بازی، چھترے چھیننے والے گینگ کے دو ملزمان سمیت سلیم ، عابد، اشفاق اور امان اللہ وغیرہ درجنوں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا ہے۔