کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا اختتام مندی سے ہوا ۔ دوسری جانب لاہور اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی رہی۔

Oct 30, 2012 | 21:18

کامرس رپورٹر

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اورانڈیکس ٹریڈنگ کے آغاز پر پندرہ ہزار آٹھ سو پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرنے میں کامیاب رہا تاہم کاروبار کے آغاز کی تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی ۔ ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی بڑی کمپنی پی ٹی سی ایل کے حصص میں فروخت کے دباؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس سیکٹر کی بیشتر کمپنیوں کے حصص میں منافع کے لیے فروخت مارکیٹ میں مندی کی وجہ بنی۔اس مندی کے بعد کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس سترہ پوائنٹس کمی کے بعد پندرہ ہزار سات سو چھیانوے پوائنٹس پر بند ہوا۔امریکی طوفان سینڈی کے باعث معاشی نقصانات،غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے خدشات اور رزلٹ سیزن کے اختتام پر سرمایہ کاروں نے انتہائی محتاط رویہ اختیارکئے رکھا۔دوسری جانب لاہوراسٹاک مارکیٹ میں بھی آج مندی رہی اور ایل ایس پچیس انڈیکس باون پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار نو سو بیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چھیانوے کمپنیوں کے اکیس لاکھ انچاس ہزار نو سو حصص کا کاروبار ہوا۔ اکیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ،پندرہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ ساٹھ کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔

مزیدخبریں