منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی بازگشت سنی گئی۔ ایوان بالا میں کالا باغ ڈیم کا ذکر کیا چھیڑا تو بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈال دیا۔ پیپلزپارٹی کے سنیٹر نے کالا باغ ڈیم کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کرنے پر عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ اگر عمران خان کالا باغ ڈیم کیلئے مہم چلانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے خیبر پی کے کی اسمبلی سے کالا باغ ڈیم کے حق میں قرارداد منظور کرائیں۔ کالا باغ ڈیم ایک مُردہ گھوڑا ہے‘ اس میں جان ڈالنے کی کوشش بیکار ہے۔ حکومت آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ راجہ ظفر الحق نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان طالبان سے مذاکرات اور امن و امان کی صورتحال پر ایوان کوآج اعتماد میں لیں گے۔