کابل (اے این این) افغان سینیٹروں نے کرزئی حکومت کو مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کے پیچھے نہ بھاگنے کا مشورہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں پڑوسی ملک کی جانب سے امن عمل کیلئے حقیقی معنوں میں حمایت کرنے کا یقین نہیں، ماضی میں اس نے ثابت کیا کہ وہ کبھی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ امن عمل کامیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں ہونے والی سہ فریقی اجلاس سے بھی کوئی توقعات وابستہ نہیں۔ سینیٹر محمد داﺅد اساس نے کہا کہ صدر کرزئی کا امن عمل کیلئے پاکستان کے پیچھے بھاگنا بے سود ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ ایک مستحکم اور مضبوط افغانستان کی حمایت کیلئے پاکستانی قیادت پر دباﺅ بڑھائے۔ سینیٹر ہدایت اللہ ریاحی نے کہا کہ بیرون ملکوں میں افغانستان کےلئے کوئی قابل عمل منصوبہ وضع نہیں کیا جا سکتا بلکہ صرف مقامی سطح پر ہی نکالا گیا کوئی حل ملک میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔