اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے سردیوں میں ملک بھر میں گیس کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔ دسمبر، جنوری اور فروری میں صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو گیس نہیں ملے گی تاہم پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے گھریلو صارفین کو ہر صورت گیس فراہم کی جائیگی۔ پنجاب میں سی این جی زیادہ استعمال ہوتی ہے اسلئے مذکورہ تین ماہ میں کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ کسی شخص کا ٹیلیفون ٹیپ کرنا غیرقانونی فعل ہے۔ امریکہ کی جانب سے سپین اور جرمنی کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے فون ٹیپ کئے جاسکتے ہیں تو پاکستان میں ہو رہے ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم نے مزید کہا بھارتی کمپنی نے گیس فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے، انہیں ہم نے قیمت کم کرنے کی درخواست کی ہے۔