اسلام آباد (ثناء نیوز) آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں دونوں وزراء اعظم نے ضرورتمند افراد، سکولوں، خیراتی اداروں کی معاونت کیلئے مختص گرانٹ اپنے ملازمین میں ہی تقسیم کردی تھی۔ آڈٹ رپورٹ برائے سال 2013ء قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے۔ آڈیٹر جنرل نے وزیراعظم ہاؤس اور آفس کو سفارش کی ہے کہ عوام کے پیسوں کو ذاتی فوائد کے لئے استعمال نہ کیا جائے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق سال 2009ء سے 2013ء کے مابین وزیراعظم آفس نے عارضی گرانٹ سے72کروڑ 35لاکھ روپے کے اخراجات کئے جن میں سے گریڈ 1سے22کے ملازمین کو 31کروڑ 95لاکھ روپے سے زائد کی عیدی اور اعزازیہ دیا گیا ۔ یہ رقم ملازمین کو دیے جانے والے سالانہ اعزازیہ کے علاوہ ہے۔ آڈیٹر جنرل نے رپورٹ میں موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم آفس عارضی گرانٹ کو اس طرح اپنے ملازمین میں تقسیم کرنے کا مجاز نہیں جبکہ وزیراعظم آفس نے رپورٹ میں موقف اپنایا ہے کہ عارضی گرانٹ کی رقم سے ملازمین میں عیدی وزیراعظم کی ہدایت پر تقسیم کی گئی۔