لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو دیگر علاقوں کی طرح لوئر اور اپر دیر کے اضلاع کا بھی دورہ کرنا چاہئے تھا ، دونوں اضلاع میں زلزلہ سے بہت بڑی تباہی ہوئی مگر وزیراعظم کی طرف سے ان علاقوں کو نظرانداز کرنے سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا ہے۔وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ امداد ناکافی ہے، حکومت اس میں مزید اضافہ کرے اور یہ امداد قسطوں کی بجائے یکمشت ادا کی جائے تاکہ متاثرین گھروں کی تعمیرکرسکیں۔ حکومت نے بروقت اقدامات نہ کئے تو لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال دیر بالا میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کو زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہئے، زلزلہ میں بچ جانے والے مکان رہنے کے قابل نہیں ہیں، بہتر بھی یہی ہے کہ لوگ ان گھروں میں نہ رہیں۔ سکولوں کی عمارتوں کی مرمت اور تعمیر پر بھی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے اپیل کی کہ قوم آج 30اکتوبر کو یوم استغفار منائے۔ امیر جماعت اسلامی نے زلزلہ سے شدید متاثر ہونے والے سوات کے دیہات کوٹہ، لنڈا کے، اخوند کلے کا بھی دورہ کیا۔
سراج الحق