لاہور (نامہ نگار)گجرپورہ میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم کے دوران پتھراؤ اور فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میںتحریک انصاف کے دوکارکن زخمی ہوگئے گجر پورہ کے علاقہ مین بازار کچی آبادی میں تحریک انصاف کے چیئرمین کے امیدوار چوہدری محمود نے دفتر بنا رکھا تھا۔ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے حامیوں نے دفتر کے سامنے نعرے بازی شروع کردی۔ جس پر دونوں جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی اور ایک دوسرے پر کرسیوں اور اینٹوں سے حملہ کردیا۔ جس کی زد میں آکر تحریک انصاف کے دوکارکن عابد علی اور حسین کے سر پھٹ گئے۔ اطلاع ملنے پر ایس پی کینٹ سمیت پولیس کی بھاری نفری مو قع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پایا۔ آخری اطلاعات کے مطابق گجر پورہ پولیس کی جانب سے کسی بھی پارٹی کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ علاوہ ازیں ساندہ کے علاقہ میں یو سی 74میں تحریک انصاف کے چیئرمین کے امیدوار میاں ندیم نے موٹر سائیکل ریلی نکالتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے دفتر کی جانب جانے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری نفری مو قع پر پہنچ گئی اور انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو ریلی نکالنے سے منع کیا۔ جس پر پولیس اور تحریک انصاف کی کارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی جبکہ ریلی نہ نکالنے پر معاملہ رفع دفع ہو گیا۔