لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی طرف سے اصغر خان کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے دائر درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کل اکتیس اکتوبر کو درخواست پر ابتدائی سماعت کرینگے۔آئینی درخواست تحریک انصاف لائرز ونگ کے مرکزی رہنما فیاض مہر ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2012ءمیں اصغر خان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ1990ءکے انتخابات کے دوران سیاستدانوں میں 140 ملین روپے کی بندر بانٹ سے متعلق انکوائری کی جائے اور ملوث سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف پر بھی1990 ءمیں پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے کیلئے لاکھوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو چار برس گزر چکے ہیں لیکن وفاقی حکومت اور ایف آئی اے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے میں وزیر اعظم نواز شریف سمیت جن دیگر سیاستدانوں کا نام ہے ان کے خلاف انکوائری کر کے کارروائی کا حکم دیا جائے۔
درخواست /ابتدائی سماعت
اصغر خاں کیس کے فیصلے پر عملدرآمد ، پی ٹی آئی کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور
Oct 30, 2016