واشنگٹن ڈی سی (آئی این پی) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے جائز حق کیلئے پرامن تحریک کا آغاز کیا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میںبھارتی افواج کی ظالمانہ کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ہفتہ کو امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی میزبانی میں پاکستانی سفارتخانے میں مقبوضہ کشمیر کے تنازعہ کے حوالے سے ہر سال منائے جانے والے یوم سیاہ کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیا۔ انہوں نے بنیادی سچ پر زور دیا کہ کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کردیا ہے۔ اس موقع پر مہمان مقررین سفیر توقیرحسین نے کہاکہ نوجوان کشمیر ی حریت پسند برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک نئے کشمیر نے جنم لیا ہے۔ سابق سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز حقیقی طور پر ایک قابض افواج کی طرح برتائو کررہی ہیں اور نہتے شہریوں کیخلاف پیلٹ گن اور دیگر اسلحہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو جان بوجھ کر بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اس موقع پر یوم سیاہ کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے: جلیل عباس جیلانی
Oct 30, 2016