لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ سیاسی کشیدگی سے ہمیشہ تیسری قوت نے فائدہ اٹھایا،پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے، انتظار کرنے کی بجائے سیاسی شعبدہ بازی اور انارکی کا کیا مقصد ہے؟ سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام میں معاون بننا ہو گا اسلئے کہ جمہوریت ہوگی تو انکی سیاست بھی زندہ رہے گی۔ چند اداروں کی بالادستی کا نام قومی سلامتی نہیں۔پارلیمنٹ،جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ہفتہ کے روز مرکزی دفتر میں اہل حدیث یوتھ فورس کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ بھارت اور اسرائیل ملکر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ومذہبی جماعتوں کو حالات کا ادراک کرنا چاہیے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ فیصلے کا سب فریقین کو انتظار کرنا چاہیے۔ فیصلے سے پہلے اپنا فیصلہ سنانا اور اسلام آباد بند کرنا انتہائی نامناسب فعل ہے۔
کشیدگی سے ہمیشہ تیسری قوت نے فائدہ اٹھایا، چند اداروں کی بالادستی قومی سلامتی نہیں: ساجد میر
Oct 30, 2016