کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ دشمن ہمسایہ ملک میں بیٹھ کر یہ نہ سمجھے وہ بچ جائیگا۔ تمام سیکورٹی ادارے ملکردہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کام کر رہے ہیں دشمن کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔ ہمارے دشمن کو ہماری ترقی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے یہ بات آئی جی آفس چوک پر پولیس ٹریننگ سینٹر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی یاد میںشمعیں روشن کر نے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا پی ٹی سی حملہ پاکستان پر کاری ضرب ہے، دشمن کو پرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان ایک آنکھ نہیں بھا رہا، دہلی میں جو باتیں کی جا رہی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ دہلی میں ہونے والی تقر یر نے اپنا اثر بلوچستان میں دکھایا ، پی ٹی سی پر حملہ کرنے والوں نے ہم پر کھل کر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سے لوگ بہکے ہوئے ہیں۔ ہمیں ان لوگوں کا بخوبی علم ہے جو افغانستان میں بیٹھ کر یہا ں کارروائیا ں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا اور اسے دھول چٹانی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے کہا بزدل دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ چھپ کر وار کر رہے ہیں، دشمن کی سازش تھی وہ پاکستان کو عراق و شام بنا دیں لیکن ہم نے ان کے عزائم خاک میں ملا دئے ہیں۔ اس موقع پرچیف سیکر ٹری بلوچستان، ارکان صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان، جی او سی 41 ڈویژن، جی او سی 33 ڈویژن بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ زندہ قومیں ہی قربانی دیتی ہیں ہم شہداء کے وارث ہیں اور ہمیں اپنے شہدا ء کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔ ہمارے بیٹوں نے دہشت گردوں کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے جس سے دشمن حواس باختہ ہے۔ انہوں نے کہا بندوق کی نوک پر دشمن ہم پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے لیکن دشمن ہمیں جھکا نہیں سکتے۔ پی ٹی سی حملے میں ملوث دہشت گردوں کے قدموں کے نشان جہاں جارہے ہیں ہمیں معلوم ہے، دشمن یہ سن لے وہ جہاں بھی چھپا ہے ہم اسے وہاں سے کھینچ نکالیں گے اور کیفر کردار تک پہنچا ئیں گے۔