لوڈشیڈنگ جاری، ڈونگہ بونگہ میں کاروبار ٹھپ، رینالہ میں گیس بھی نایاب

ڈونگہ بونگہ+ رینالہ خورد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) لوڈشیڈنگ جاری ہے، ڈونگہ بونگہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے کاروبار ٹھپ ہوگئے جبکہ مزدور بیکار ہو کر فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے۔ دوسری طرف رینالہ میں بجلی کے ساتھ گیس بھی نایاب ہو گئی۔ جس سے صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ ڈونگہ بونگہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طول پکڑ گیا۔ لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہونے سے مزدور بے کار ہوکر فاقہ کشی کا شکار ہوگئے۔ عوام پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ عوام سراپا احتجاج اور حکمرانوں کو بددعائیں دینے لگے۔ رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومتی دعوے ٹھس اعلان کے باوجود محکمہ سوئی گیس نے دسمبر سے پہلے ہی 9 گھنٹے کی غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ شروع کر دی۔ گزشتہ دنوں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دسمبر میں محکمہ سوئی گیس رات کو لوڈ شیڈنگ کرے گا لیکن حکومتی اعلان کے باوجود محکمہ نے ڈیڑھ ماہ قبل ہی سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے جس سے گھریلو صارفین کے چولھے ٹھنڈے پڑ گئے۔ صارفین نے حکومت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن