شارجہ (بی بی سی ڈاٹ کام) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے اور پاکستان کی نظریں ایک اور کلین سوئپ پر لگی ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر چکا ہے۔پاکستان نے دونوں ٹیموں کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔ اس نے دبئی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 56 رنز سے اور ابوظہبی میں دوسرا ٹیسٹ 133 رنز سے جیتا تھا۔کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کلین سوئپ کے لیے پرامید ہے اور اسے یقینی بنانے کے لیے پوری کوشش کی جائے گی۔ یہ ٹیسٹ بھی ان کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے جسے جیتنے کی کوشش کریں گے۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہر ٹیسٹ میچ میں جیت کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے قطع نظر اس بات کے کہ آپ کس ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اصل اہمیت آپ کی اور آپ کی ٹیم کی کارکردگی کی ہوتی ہے، ریکارڈز کو ذہن میں نہیں رکھنا چاہیے۔مصباح الحق سے جب شارجہ کی وکٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ بہت مشکل سوال ہے جس کا جواب تو گراؤنڈزمین کو بھی نہیں آتا ہے۔انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ شارجہ کی وکٹ ان کے بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوگی تاہم یہ وکٹ روایتی طور پر آہستہ ہوتی ہے جس پر بہت زیادہ ٹرن نہیں ہوتا۔شارجہ ٹیسٹ بحیثیت کپتان مصباح الحق کا 49 واں ٹیسٹ ہوگا اور اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں قیادت کرنے والے کپتان بن جائیں گے۔پاکستانی ٹیم ایک بار پھر اپنے فتح گر بولر یاسر شاہ سے دبئی اور ابوظہبی جیسی کارکردگی دوہرانے کی توقع رکھے ہوئے ہے جو دو ٹیسٹ میچوں میں سترہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
ٹیسٹ سیریز: پاکستان اور ویسٹ انڈیزکے درمیان آخری معرکہ آج شروع ہو گا
Oct 30, 2016