بغداد (این این آئی)عراق کی مشترکہ آپریشنز کمان نے ضلع الحویجہ میں ایک اجتماعی قبر دریافت کی ہے اور اس میں سے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی پچاس لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشترکہ آپریشنز کمان نے ایک بیان میں کہا کہ داعش کے جنگجوؤں نے الحویجہ کے وسط میں واقع گاؤں البکارہ میں دہشت گردی کے حملوں میں سرکاری فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔داعش کے جنگجوؤں نے کرکوک کے جنوب مغربی علاقوں میں بھی پولیس اور فوجیوں پر حملے کیے تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اجتماعی قبر اور اس سے برآمد ہونے والی باقیات کی تحقیقات و تجزیے کے لیے قانونی طریق کار اختیار کیا جائے گا۔اکتوبر کے اوائل میں فوج کے ذرائع نے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے الحویجہ کے جنوب مشرق میں واقع گاؤں ابو صخرہ سے دو اجتماعی قبریں دریافت کی تھیں اور ان سے فوج اور پولیس کے دسیوں اہلکاروں کی باقیات برآمد کی گئی تھیں۔انھیں بھی مسلح جنگجوؤں نے ہلاک کرکے اجتماعی قبروں میں دفنا دیا تھا۔واضح رہے کہ جون 2014ء میں داعش اور اس کے اتحادی مسلح جنگجوؤں نے عراق کے شمالی شہر موصل سمیت بہت سے شمال مغربی شہروں اور علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا ۔
عراق / اجتماعی قبر
کرکوک‘ اجتماعی قبر سے عراقی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی 50 لاشیں برآمد
Oct 30, 2017