لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آخری ٹی ٹونٹی میچ جیتنے اور کلین سویپ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ میچ میں کامیابی ٹیم ورک اور بہترین پرفارمنس کا نتیجہ ہے۔ قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے‘ دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ دونوں ٹیموں کے شاندار کھیل سے عوام بھرپور طریقے سے محظوظ ہوئے اور شائقین کرکٹ اور زندہ دلان لاہور نے سری لنکا کے کھلاڑیوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہار اور جیت سے قطع نظر میچ کے کامیاب انعقاد سے پرامن پاکستانی قوم کی جیت ہوئی ہے اور یہ امن کی فتح ہے۔ میچ کے کامیاب انعقاد سے دنیا میں پاکستان کے پرامن ہونے کا مثبت پیغام گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے میچ کے موقع پرسکیورٹی اور دیگر امور کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے۔ بہترین اور پرسکون ماحول میں میچ کا انعقاد پرامن پاکستان کی جیت اور امن دشمنوں کی شکست ہے‘ دشمن چاروں شانے چت ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو لاہور آمد پر پاکستانی عوام بالخصوص زندہ دلان لاہور خوش آمدید کہتے ہیں۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی راہ مزید ہمرار ہو گی۔ علاو ہ ازیں پارٹی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک نظرئیے اور عوامی خدمت کا نام ہے ۔ گزشتہ سوا چار برس میں مٹی سے مٹی ہوکر عوام کی بے لوث خدمت کی ہے‘ محروم معیشت طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانا ہمارا ایجنڈا جبکہ خودمختار، خوشحال اور مضبوط پاکستان ہماری منزل ہے‘ملک کو ایٹمی قوت بنانے والی جماعت مسلم لیگ (ن) ہی اسے معاشی قوت بنائے گی۔ بعض سیاسی مخالفین کے دھرنوں اور انتشار کی سیاست کی رکاوٹوں کے باوجود ہم نے عوامی ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے۔ ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کرنیوالوں کے اپنے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ خالی نعروں اورتقریروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیا اورعوام ان کی منفی اورانتشار کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیںگے۔2018ء کے عام انتخابات میں محنت،امانت،دیانت اورعوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ غریب قوم کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ساتھ کھڑا کر کے تبدیلی کی باتیں بے معنی ہیں ۔جب قوم کو اتحاد کی ضرورت تھی تو ان عناصر نے ذاتی مفادات کے لئے قوم کو تقسیم کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کو بھی جواب دینا پڑے گا ۔ ان کرپٹ حکمرانوں نے کرپشن ،اقرباء پروری کو فروغ اور میرٹ کی پامالی کر کے غریبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا‘ ہمارے بدترین مخالفین بھی ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت نہیں لا سکے۔
انتخابات 2018 میں امانت، دیانت، عوامی خدمت کی جیت ہو گی: شہباز شریف
Oct 30, 2017