حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ہنگری پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے اجرتی قاتل عاطف عرف عاطی لاہوریا نے مبینہ طور پر حافظ آباد کے معروف صحافی یعقوب شہزاد امر کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ عاطی لاہوریا کو انٹر پول کے ذریعے گرفتارکیا گیا تھا۔ وہ بیرون ملک بیٹھ کر بھتہ گینگ چلاتا تھا۔ لوگوں سے پیسے لیکر انکے مخالفین کو اپنی گینگ کے افراد سے قتل کروا دیتا تھا۔ ذرائع کے مطابق عاطف عرف عاطی لاہوریا نے حافظ آباد کے صحافی یعقوب شہزاد کے علاوہ 70سے زائد دیگر افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ جن میں زیادہ تر قتل کئے جانے والے افراد کا تعلق گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ اور لاہور سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق عاطی لاہوریا کو مزید تفتیش کے لئے جلد پاکستان لایا جایا رہا۔ دوسری جانب ضلع بھر کے صحافیوں نے آئی۔ جی سے مطالبہ کیا کہ عاطی لاہوریا کو فوری طور پر پاکستان لاکر اسے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ اور اسکی گینگ میں جو بھی افراد شامل ہیں انکی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں۔