میڈرڈ(این این آئی)اسپین کے علاقے کاتالونیا میں اب نیم خود مختار حکومت ختم ہو چکی ہے۔ پوج ڈیمونٹ سے باقاعدہ طور پر اختیار چھین لیے گئے ۔ ملکی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے باضابطہ طور پر اس خطے کے سرکاری معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈرڈ حکومت نے اپنے اعلان میں کہاکہ کاتالونیا کی علاقائی حکومت سے اختیارات واپس لے لیے ہیں۔ ان حالات میں ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے حکومتی انتظامات سنبھال لیے ہیں۔ اس طرح اب یہ علاقہ ’جبری انتظامیہ‘ کے تحت کام کر رہا ہے۔ اس دوران راخوئے نے بارسلونا کی پارلیمان کو تحلیل کرتے ہوئے اکیس دسمبر کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کاتالونیا کے بے دخل کیے جانے والے سربراہ حکومت پوج ڈیمونٹ پر سرکشی اور بغاوت کے مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسپین سے خود مختاری کے حصول کی کوششیں کرنے والے سیاستدانوں نے کاتالونیا کے سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ملازمین سے ان اقدامات کے خلاف خاموش مزاحمت شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ دریں اثناء کاتالونیا کے رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ نے کہا ہے کہ وہ آزاد کاتالونیا کی خاطر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپین کے اس نیم خودمختار علاقے کے معزول صدر نے مزید کہا کہ کاتالونیا کے عوام پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آرٹیکل 155 کی جمہوری مخالفت بھی جاری رکھیں گے۔