پیپلزپارٹی جمہوری انداز میں سازشوں کوناکام بنائے گی، سعید غنی

جیکب آباد (نامہ نگار) سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کمیٹی میں شامل ہونا میاں نواز شریف کی اپنی مرضی پر انحصار ہے، پیپلز پارٹی جمہوری طریقے سے سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہے، ن لیگ اپنے طریقے سے کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جکھرانی ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلعی چیئرمین سردار محمد پناہ اوڈھو، میونسپل چیئرمین غلام عباس جکھرانی، ڈپٹی کمشنر عمران علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جن کو آئین اور 18ویں ترمیم کا کچھ پتہ نہیں وہ بھی باتیں کر رہے ہیں،اس سے پہلے صوبائی کے درمیان اور صوبوں کا وفاق سے کتنا اختلاف تھا، آمروں نے ہمیشہ صوبوں کے درمیان اختلافات کو بڑھانے کے لیئے 18ویں ترمیم کو پیش کرنے سے روکا، لیکن پیپلز پارٹی نے اقتدار میں رہ کر بھرپور کوشش کے بعد 18ویں ترمیم منظور کرائی جس کے بعد صوبوں کے درمیان دوریاں اور اختلافات ختم ہوئے، اگر کسی نے 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی تو عوام کی مدد سے پیپلز پارٹی اسے روکنے کے لیئے رکاوٹیں ضرور ڈالے گی، فیصل ووڈا کو آئین کا پتہ تک نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوبے کی کارکردگی نہ صرف دیگر صوبوں بلکہ وفاقی کارکردگی سے بھی بہتر ہے ۔ جس کی وجہ سے آج مقامی سطح پر لوگوں کو وہ خدمات کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ سندھ میں کوئی گورنر رول کی ضرورت ہے، امن و امان اور گورننس بہتر ہے، صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی مسائل حل کیئے جارہے ہیں۔ 35سال سے صرف پیپلز پارٹی کا ہی کا احتساب ہوتا آیا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں مقدمات کا کیا حشر ہوا ب بھی وہی ہوگا، پہلے بھی مقدمات درج ہوئے لیکن بعد میں سب جھوٹے ثابت ہوئے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر نے یو ایس ایڈ کے تحت زیر تعمیر واٹر سپلائی کے واٹر اسٹوریج اور ڈرینج لگوں کا معائنہ بھی کیا اور جاری کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایات کیں۔

ای پیپر دی نیشن