اسلام آباد (نیٹ نیوز) عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کی درخواست وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو بھیج دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ درج ہے۔ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹس کے لئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹس کے لیے ایف آئی اے کی طرف سے انٹرپول سے رابطے کی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔ ایف آئی اے انٹرپول سے بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹس حاصل کرنے کے لئے خط لکھے گی اور ایف آئی اے ونگ بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کے لیے متعلقہ دستاویزات بھی انٹرپول کو بھیجے گی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنما عمران فاروق کے قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے سال 17-2016 ء میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکا خیل کی منظوری سے کیس میں بانی ایم کیو ایم کی پاکستان حوالگی کے لیے وزارت داخلہ کو ایک درخواست بھجوائی گئی تھی جسے وزارت نے منظور کرلیا ہے۔ پچاس سالہ ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010ء کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کیا گیا تھا۔
عمران فاروق/ کیس
عمران فاروق قتل کیس: بانی متحدہ کے ریڈوارنٹ کیلئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ
Oct 30, 2018