اسلام آباد (قائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور قانونی و آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا احتساب کے بغیر جمہوری عمل کامیاب نہیں ہو سکتا، بلاتفریق احتساب نئے پاکستان کی بنیاد ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں عوام کے پیسے کی جان سے زیادہ حفاظت کی جاتی ہے۔ این آر او نہیں ملے گا، احتساب قومی ترجیح ہے، بابر اعوان نے کہا کرپٹ عناصر کرپشن بچانے کیلئے متحد ہو رہے ہیں، ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہو کر رہے گی۔ این این آئی کے مطابق تحریک انصاف نے پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کےلئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام مسترد کردیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ارکان کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال اور حکومتی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ارکان اپنے حلقوں میں حکومت کی مثبت پالیسیوں کو اجاگر کریں، گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا، ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان نے پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کے لیے پارٹی چیئرمین مشاورت سے غیرجانبدار شخصیت کا انتخاب کریں گے، موزوں شخصیت کے انتخاب کے بعد دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع نے بتایا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ملک میں اداروں کی مکمل آزادی اور احتساب کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کو اپوزیشن اتحاد اور احتجاج سے متعلق پارٹی لائحہ عمل سے آگاہی دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا وزیراعظم قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوکر ارکان سے ملاقات کریں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپوزیشن سے بلیک میل نہیں ہوں گے، شہباز شریف کو کسی صورت بھی پی اے سی(پبلک اکاونٹس کمیٹی) کا چیئرمین نہیں بنایا جائے گا، اس عہدے کے لیے مشاورت سے غیرجانبدارشخصیت کا انتخاب کیا جائے گا، اس کے لیے کمیٹیاں بنانی پڑیں تو بنائیں گے۔ امور حکومت کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے ارکان بھی اپنی تجاویزد یں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ کو وزیراعظم آفس تک براہ راست رسائی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد ارکان پارلیمنٹ کسی مسئلے کی صورت میں وزیراعظم آفس سے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کے شکوہ کرنے پر طلب کیا تھا۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے شہباز شریف کا بطور چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمےٹی نام متنازعہ ہے۔ پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس کے بعد صحافےوں سے بات چےت کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف دور کے منصوبے کا آڈٹ شہباز شریف کس طرح کرسکتے ہیں۔آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انڈونیشیا میں طیارے کے حادثے اور اس کے نتیجے میںہونے والے بڑے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا انڈونیشیا کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتے ہیں، طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہیں۔
تحریک انصاف/نام مسترد
احتساب کے بغیر جمہوری عمل کامیاب نہیں ہو سکتا : وزیراعظم
Oct 30, 2018