ماسکو (نیٹ نیوز )اپنے 'مشن پرواز' پر نکلے پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم کا ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر انہیں روس کے ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔مداحوں کو پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے اس خبر سے آگاہ کیا۔اداکار نے اپنی پوسٹ میں فخر عالم کا دیا پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ فخر عالم نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ یہ پیغام سب کے ساتھ شیئر کردیں۔فخر عالم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ویزا ایکسپائر ہونے کی وجہ سے مجھے روس کے یوزنو-ساکھالنسک ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے، یہ لوگ مجھے واپس جاپان جانے پر مجبور کر رہے ہیں، میں جاپان نہیں جاسکتا کیونکہ میرے پاس سنگل انٹری ویزا ہے۔‘انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’میں پاکستانی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ روسی حکومت سے درخواست کریں کہ وہ مجھے الاسکا کی جانب اپنا سفر مکمل کرنے دیں،بعدازاں پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اداکار فخر عالم کے ویزا کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور متعلقہ مشن معاملے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔روس میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ فخر عالم کے معاملے پر غور کیا جارہا ہے اور وہ روسی حکام سے رابطے میں ہیں۔خیال رہے کہ ‘مشن پرواز’ کے تحت انہیں دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جانا تھا جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔
’مشن پرواز‘ فخرعالم روسی ایئرپورٹ پرگرفتار،پاکستانی حکومت سے مد کی اپیل
Oct 30, 2018