لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) سری لنکا کے سینئر کھلاڑی دورہ پاکستان کے لیے رضامند ہوگئے ہیں۔دیموت کرونارتنے ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے واپسی پر تیار ہیں جبکہ کوشل مینڈس ، کوشل پریرا نے ٹیم منیجر اور ٹور سلیکٹر اشانتھا ڈی میل سے اہم ملاقات کی اور دورہ پاکستان کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی۔ دیموت کرونارتنے ، انجیلو میتھیوز ، دنیش چندیمل کی سری لنکن کرکٹ بورڈ سے مشاورت جاری ہے۔سینئر کھلاڑیوں نے جونیئر کھلاڑیوں کے پاکستان کے انتہائی کامیاب دورے کے بعد سکیورٹی کے متاثر کن انتظامات اور مہمان نوازی کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں کھیلنے کیلئے اپنی رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کوشل مینڈس ، کوشل پریرا اور نیروشان ڈیکویلا سے ٹیم منیجر اور ٹور سلیکٹر اشانتھا ڈی میل نے مشورہ کیا۔یاد رہے کہ کوشل مینڈس دورہ پاکستان کیلئے نااہل تھے تاہم کوشل پریرا اور نیروشن ڈیکویلا نے دورہ پاکستان (محدود اوورزکی سیریز کے لئے)سے انکار کردیا تھا۔دوسرے سینئر کھلاڑی دیموت کرونارتنے ، انجیلو میتھیوز ، دنیش چندیمل اور کچھ دیگر افراد سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلی ڈی سلوا نے سری لنکا میں مشاورت کی تھی اور ان کی رضامندی حاصل کی گئی۔دیموت کرونارتنے ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے واپسی پر تیار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے سینئر کھلاڑیوں نے اب پاکستان کے دورے کی اہمیت کو سمجھا ہے۔انہیں لگتا ہے کہ اگر اسی طرح وہ اپنی جگہ چھوڑتے رہے تو جونیئرز ان کی جگہ لے لیں گے۔ ان کی ٹیم پہلے ٹیسٹ سے دو دن قبل 8دسمبر کو کولمبو سے براستہ دبئی اسلام آباد روانہ ہوگی اور دوسرے ٹیسٹ کے بعد فورا بعد ہی واپس آجائیگی۔دورہ پاکستان کیلئے ٹیم کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیسٹ دسمبر میں راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جانے کی تجویز ہے۔