لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ ملزم کی جانب سے فرار کی کوشش ہے۔ ملزم اور مدعی پارٹی احاطہ عدالت میں گتھم گھتا ہو گئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ملزم غلام جعفر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اختیار کیاکہ تھانہ شادباغ لاہور میں 20 اگست کو ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات درج کروا رکھے ہیں۔ ملزم بے قصور ہے درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پولیس تفتیش میں قصور وار پایا گیا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے بھی ملزم کی میرٹ پر عبوری ضمانت خارج کی ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے موقف سننے کے بعد ملزم کی ضمانت خارج کر دی۔ اس موقع پر ملزم نے احاطہ عدالت میں دوڑ لگا دی لیکن مقدمہ کے مدعی نے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ دوسری جانب پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ملزم کے فرارکی کوشش ناکام بناکر اسے گرفتار کرلیا۔
اقدام قتل کے ملزم کی ضمانت خارج‘ مدعی پارٹی نے فرارکی کوشش ناکام بنا دی
Oct 30, 2019