کراچی ( کامر س رپورٹر) پاکستان کو بذریعہ انٹرنیٹ دنیا سے جوڑنے والی 2 آپٹیکل فائبر کیبلز مکمل طور پر آف لائن ہوگئی ہیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس وجہ سے آپٹیکل فائبر کیبل آف لائن ہوئی ہیں۔ پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی 2 بین الاقوامی زیرآب کیبلز میں خرابی کے نتیجے میں آدھے سے زیادہ پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔آئی ایم ای ڈبلیو ای اور ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 4 انٹرنیٹ کیبل خرابی کے باعث آف لائن ہوئی ہیں جو لگ بھگ 50 فیصد پاکستانی انٹرنیٹ ٹریفک کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھیں۔ ماہرین کی جانب سے آپٹیکل فائبر کیبل کے تکنیکی مسئلے کو جاننے اور اسے حل کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم فی الحال یہ معلوم نہیں کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا۔ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق سطح سمندر میں عالمی سب مرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروسز متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کو پرائوزنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تاہم تکنیکی ٹیم فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ جلد انٹر نیٹ کی سروسز بحالی کی جا سکیں۔ اس موقع پر ترجمان نے صارفین سے اس اچانک خرابی سے نتیجہ میں پیش آنے والے پریشانی پر معزرت کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔