لاہور (صباح نیوز+ آئی این پی)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کا سروسز ہسپتا ل میں آٹھواں روز بھی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے پلیٹ لیٹس(خون کے سفید خلیے) کی تعداد میں معمولی اضافے کے بعد تعداد 28 ہزار پر برقرار ہے۔اطلاعات ہیں کہ انجیکشن کا کورس ختم ہونے پر میاں نوازشریف کا اب نیا علاج کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور منگل کی صبح میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا ایک بار پھر تفصیلی طبی معائنہ بھی کیا ہے۔ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق پلیٹ لیٹس سیلز کی تعداد میں اضافہ کیلئے سٹریرائڈ انجیکشن سولو میڈرول 250 ایم جی بھی تجویز کر دیا گیا ۔طبی معائنے میں نواز شریف کا بلڈ پریشر پہلے سے بہتر ہے جو 140/80 آیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی جانب سے نوازشریف کو قبض کی شکایت پر سیرپ کریما فین تجویز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب انسولین کے 18 یونٹ تجویز کیے گئے ہیں۔نواز شریف کے رینل فنکشنل ٹیسٹ (RFT) رپورٹ میں بلڈ یوریا اور کریٹینین معمول سے زیادہ آیا۔ نارمل 50 سے کم ہونی چاہئے لیکن نوازشریف کی بلڈ یوریا63 ہے۔نوازشریف کا سریم کریٹینین بھی معمول سے زیادہ ہے، نارمل 1.3 سے کم ہونا چاہیے جبکہ نوازشریف کا 1.4 ہے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی حالت تشویش ناک ہے، زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، شوگراور بلڈپریشرکی وجہ سے طبیعت خراب ہو رہی ہے ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا پلیٹ لیٹس اورعارضہ قلب کی بیماری مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ نوازشریف کے گردوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے، شوگر اور بلڈپریشر کی وجہ سے طبیعت خراب ہو رہی ہے۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج نے مزید کہا کہ نوازشریف کی بیماریوں سے متعلق ابہام دور نہیں ہو پا رہا ہے، صحت کے سنگین مسائل کی وجہ سے نوازشریف کو خطرات ہیں۔