امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے لبنان کے سیاسی رہنماوں پر زور دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم کے استعفے کے بعد فوری طور پرملک میں نئی حکومت کی تشکیل دیں ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لبنانی قیادت کو ایسی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنی چاہئے جو ملک کو مستحکم ، خوشحال اور محفوظ بنا سکے ۔مائیک پومپیو نے کہا کہ گزشتہ 13 دنوں کے دوران پرامن مظاہروں اور قومی اتحاد کااظہاراس امر کا واضح پیغام ہے کہ لبنانی عوام موثر حکومت اور اقتصادی اصلاحات کے خواہاں اور بدعنوانی کاخاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور سکیورٹی فورسز مظاہرین کا تحفظ یقینی بنائیں اور کسی بھی طرح کے تشدد یا اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کیا جائے ۔واضح رہے کہ لبنان میں بدعنوانی اور فرقہ واریت کے خلاف ملک گیر مظاہروں کے تقریباً دو ہفتوں بعد منگل کووزیر اعظم سعد حریری نے استعفیٰ دے دیا تھا۔