سرینگر (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے غیرقانونی قبضے حوالے جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتباہی انداز میں بھارت کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے حقوق چھیننے کے معاملے پر ہم خاموش بیٹھنے والے نہیں، طاقت ہے تو چین کو نکالو۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا بھارتی حکومت کشمیر کے لوگوں پر طاقت آزمائی کرتی ہے جبکہ چین کا نام لینے سے بھی تھرتھراتی ہے، جس نے لداخ میں ہماری زمین ہڑپ کر لی ہے۔ پی ڈی پی کے مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھے جانے پر محبوبہ مفتی نے بسمل عظیم آبادی کا معروف شعر پڑھا۔ سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے۔ حکومت کی طرف سے آئے روز نئے فرمان جاری کئے جاتے ہیں اور ہماری زمین لینے کا تازہ فرمان جاری ہوا ہے۔ کشمیرکو ایک جیل میں تبدیل کیا گیا ہے، جس میں صحافیوں، سول سوسائٹی ارکان اور سیاسی لیڈروں کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اپنے گھر پر کارکنوں سے ملنے کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے نئے اراضی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے پر پارٹی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ہمارے دفتر کو سیل کیا گیا۔ میں نے ان سے ملنے کے لئے جانے کی کوشش کی لیکن مجھے اجازت نہیں دی گئی۔ محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ نئی دہلی کی طرف سے روز فرمان جاری کئے جاتے ہیں۔ آج زمین لینے کا فرمان جاری ہوا ہے۔ کبھی ڈومیسائل کا تو کبھی سرکاری ملازموں کی سبکدوش ہونے کی عمر کی حد میں کمی کرنے کا فرمان جاری ہوتا ہے۔ بھارتی حکومت کشمیر کے لوگوں پر ہی طاقت آزمائی کرتی ہے۔ اگر ان (حکومت) کے پاس طاقت ہے تو چین کو نکالو جس نے لداخ میں ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ یہ لوگ چین کا نام لینے سے تھرتھراتے ہیں جنہوں نے 20 بھارتی فوجیوں کو مار ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کشمیر کو لوٹنے کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا جائے گا۔ لوٹنے کے جو بھی ان کے پاس منصوبے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، چاہے ہمیں کچھ بھی کرنا پڑے۔ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ جموں اور لداخ کے لوگ بھی بی جے پی کے چہرے کو پہچان گئے ہیں۔ ان کو ڈوگروں سے کوئی مطلب ہے نہ لداخی لوگوں سے، کشمیر کے لوگوں سے کبھی تھا ہی نہیں، یہ لوگ صرف کی زمین چاہتے ہیں اور اس کو بڑے سرمایہ کاروں کو دینا چاہتے ہیں۔ پی ڈی پی صدر نے بھارتی وزیراعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، آج ہم بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہیں۔