گوجرخان (نامہ نگار)بارہ ربیع الاول کی رات شروع ہوتے ہی گوجرخان کی مختلف مساجد اور بازار میں بنے اسٹیجوں پر درودوسلام اور نعت خوانی کی محافل کا سلسلہ شروع ہوگیا جو حضورؐ کی ولادت کے وقت صبح صادق تک جاری رہا اس سلسلہ میں سب سے بڑا پروگرام دعوت اسلامی گوجرخان کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد میں اجتماع ذکرونعت اور جشن صبح بہاراں کے عنوان سے دونشستوں میں ہواجس میں دعوت اسلامی گوجرخان کے نگران علامہ اسرار مدنی نے میلادالنبی ؐپر حاضرین کے قلوب و اذہان کو جلا بخشی جبکہ نعت خوان حضرات قاری شبیر عطاری،علامہ عادل مدنی،شکیل عطاری راولپنڈی ،علامہ جہانگیر قادری خطیب جامع مسجد بلال صندل روڈ اور نوید شہزاد نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیے صبح صادق کے وقت ٹھیک نبی اکرمؐ کی ولادت کے وقت حاضرین نے کھڑے ہوکر بارگاہ رسالت میں صلوۃ و سلام پیش کیا اور سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگائے ادھر تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام سالانہ ضیافت میلاد کا اہتمام سول کلب میں کیا گیا جبکہ جامع مسجد صدیق اکبر،جامع مسجد راجگان،غوث الاعظم مسجد بڑکی موڑ اور نقشبندی مسجد ڈھوک امیر باز میں جشن میلاد النبیؐ کی محافل سجائی گئیں۔