لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے پی سی بی کی ویڈیو لنک پر سماعت کی درخواست منظور کرلی۔کرکٹ کرپشن کیس میں عمر اکمل کی سزا میں کمی کیخلاف پی سی بی کی درخواست پر سماعت دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔ ثالثی عدالت نے عمر اکمل کی اوپن سماعت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سماعت ورچوئل ہوگی اور عمر اکمل اب ویڈیو لنک سماعت کیلئے 2 نومبر تک اپنی دستیابی دے سکیں گے۔پی سی بی نے آزاد ایڈ جیوڈیکیٹر کی جانب سے سزا میں کمی کے فیصلے کے خلاف اپیل کررکھی ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی طرف سے اعلان کردہ عمر اکمل کی سزا کو 3 سال سے نصف کردیا تھا۔ دوسری جانب عمر اکمل نے اس سزا میں مزید کمی کیلئے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔ عمر اکمل کے وکلا نے ثالثی عدالت کو فیس ٹو فیس سماعت کرنے کی استدعا کی تھی جو منظور نہیں کی گئی ہے۔