جنرل باجوہ کی ملاقات: پوری قوم دشمن کے خلاف ایک: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ملکی دفاع کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے پاک فوج، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملکی داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان میں حالیہ پرتشدد واقعات روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں 24 جولائی 2020ء کو ہونے والی قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس کے پس منظر میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر اعلی سطح اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی‘ وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی سید فخر امام‘  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر‘ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان‘  وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا، مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ثانیہ نشتر،  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو جنوبی بلوچستان، خصوصاً خضدار، آوران، چاغی، خاران، واشک، لسبیلہ، گوادر، پنجگور اور تربت  کے پسماندہ اضلاع کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کے جنوبی بلوچستان  پچھلے ادوار میں نظر انداز رہا۔ جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ  ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی۔ گوادر بندرگاہ خاص اہمیت کی حامل ہے جو ملکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کے عوام کے لیے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کے وزیر برائے صنعت وتجارت نثار احمد فیضی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مسئلہ کو سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ افغان وزیر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ دریں اثناء عمران خان نے 97ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں ترک عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہمارے اجداد سامراجی فوجوں کیخلاف شاندار جدوجہد میں ترکوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ موجودہ حالات میں ہم دونوں ممالک باہم ناگزیر شراکت دار ہیں۔ پاک، ترک بھائی چارہ زندہ باد!۔ دریں اثناء وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے  بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر ترکی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی بھائی چارہ  ہے۔ پاکستان  ہمیشہ ترکی کی  حمایت میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان  نے اس بات پر زور دیا کے تعمیرات کے شعبے سے روزگار کے مواقع ملیں گے اور کرونا وبا کی وجہ سے معاشی نقصان کے ازالے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کے لیے انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کے کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اس لیے تعمیرات کے شعبے میں بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...