ملتان (سماجی رپورٹر) نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کا جشن ولادت آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں درودوسلام اور نعت خوانی کی محافل ‘ سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی جس میں نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت اور اسلام کی سربلندی کیلئے کی جانیوالی عظیم کوششو ں کو موضوع بنایا جائیگا۔ جشن میلادالنبیؐ کے سلسلے میں ملک بھر کے گلی ‘ محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں‘ برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ ملتان سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پرجلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درودوپاک کا ورد کریں گے ۔ جشن میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا شہر اور گردونواح میں جشن میلادالنبیؐ کے سلسلے میں سرکاری عمارتوں اور گھروں پر چراغاں کا سلسلہ جاری ہے ۔ چراغاں کرنے کیلئے مقابلہ بازی اور انعامات بھی مقرر کئے جا چکے ہیں شہریوں کیلئے مختلف مقامات پر سٹال بھی سج گئے ہیں۔ گھروں‘ گلیوں‘ بازاروں ‘ دکانوں اور سرکاری عمارتوں سے لائٹوں اور برقی قمقموں کے باعث شہر جگمگا اٹھا ہے ۔ جشن میلادالنبیؐ کے موقع پر گھروں‘ دکانوں‘ گلیوں کو سجانے اور سنوارنے کا سلسلہ جاری۔