آئی ٹی سرمایہ کاری میں ہسپانوی سفیر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، امین الحق

Oct 30, 2020

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں بہترین منافع کے خواہشمند سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان سے بہتر کوئی جگہ نہیں، مختلف شعبوں کے ساتھ آئی ٹی میں سرمایہ کاری کیلئے ہسپانوی سفیر کی کاوشیں مثبت پیش رفت لاسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اسپین کے سفیر مینویئل دورآن سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسپین کے سرمایہ کاروں کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں ، 70 برس سے زائد عرصہ پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے مابین مضبوط دوستی کا ثبوت ہیں، تجارتی حجم میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 80 فیصد افراد موبائل فون اور 41 فیصد کو براڈ بینڈ سروس میسر ہے۔ اس موقع پر وزارت آئی ٹی اور ہسپانوی سفارتخانے کے مابین آئی ٹی سیکٹر مین باہمی تعاون کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوااور ہسپانوی سفیر کو ممبر ٹیلی کام سید جنید امام کی ڈیجیٹل پاکستان پروزارت آئی ٹی کے منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ جبکہ اسپین کے سفیر مینویئل دورآن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں وزارت آئی ٹی کا کردار قابل ستائش ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اور براڈ بینڈ سروسز نیٹ ورک میں تیزی سے ترقی کرتا ملک ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ہسپانوی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پاکستان لانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ہنر مندوں اور یہاں کے دوستانہ ماحول کا ہمیشہ سے معترف رہا ہوں۔ 

مزیدخبریں