اسلام آباد / لاہور (نامہ نگار+کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے نیپرا سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ بجلی کی قیمت میں پے در پے اضافے کے بعد اب حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں بھی اضافے کی تیاری کرلی ہے۔ اور وفاقی حکومت نے نیپرا کو درخواست جمع کرا دی ہے جس میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔ جبکہ نیپرا نے متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔ اضافے کی درخواست کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے کی گئی ہے۔ بنیادی ٹیرف میں اضافے سے صارفین پر مستقل بوجھ پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق نیپرا وفاقی حکومت کی درخواست پر 2 نومبر کو سماعت کرے گی۔ اس حوالے سے سماعت میں جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ جبکہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی اضافے سے مستثنی ہوں گے۔ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2050 روپے کم ہوئی جس کے بعد فی تولہ قیمت ایک لاکھ 18 ہزار 600 روپے ہو گئی۔ جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قیمت 8 ڈالر کم ہوکر 1794 فی اونس ہے۔ دوسری جانب ڈالر کے نرخ روپے کے مقابلے میں نیچے آنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20پیسے کمی سے 172.80 پیسے انٹر بنک میں 171.65 پیسے کا ٹریڈ ہوتا رہا۔