اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.23 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے پچیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے71 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا، آلو 3 روپے 29 پیسے، چینی 3روپے 77 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ انڈے 5 روپے 38 پیسے فی درجن، گڑ ایک روپے 93 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، برائلر مرغی 11 روپے فی کلو، خوردنی تیل 19 روپے 30 پیسے مہنگا ہوا۔ جبکہ دال ماش 2 روپے 20 پیسے فی کلو اور اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 7 روپے مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق باسمتی چاول 67 پیسے فی کلو، مٹن 6 روپے 48 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، بیف کی قیمت میں 2 روپے 62 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ دال مسور، دال چنا، آٹے کے بیس کلو کے تھیلے کی قیمت میں کمی ہوئی۔ حالیہ ہفتے چار اشیائے ضرویہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، پیاز 2 روپے 74 پیسے فی کلو، کیلے 2 روپے 31 پیسے فی درجن سستے ہوئے، دال مونگ ایک روپے 30 پیسے فی کلو، لہسن ایک روپے 9 پیسے سستا ہوا۔ جبکہ حالیہ ہفتے بائیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔