مہنگائی،بے روز گاری کے خلاف پیپلز پارٹی کے ملک بھر م یں مظاہرے ریلیاںْ


 لاہور/ اسلام/ کراچی  (نامہ نگار+ نمائندگان+ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کیا۔ اسلام آباد‘ کوئٹہ‘ گجرات‘ حافظ آباد‘ کشمیر‘ بہاولپور‘ قصور‘ دیگر شہروں کی طرح  وسطی پنجاب اور پی پی لاہور کے زیر اہتمام مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر  احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ خالد گھرکی،  فیصل میر، عزیز الرحمن چن اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت وقت نا اہل ہے، انہیں میڈیا پر جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں  آتا۔ مظاہرے کی قیادت ثمینہ خالد گھرکی نے کی جس میں انجم بٹ، فائزہ ملک، عزیز الرحمن چن، فیصل میر، نرگس خان، ڈاکٹر خیام، علامہ یوسف اعوان، آصف خان، نصیر احمد، خالد بٹ، عارف ظفر، عارف خان، بشارت صدیقی،سجاد نذیر، ایڈون سہوترا، ڈاکٹر ضیاء اللہ بنگش، صابر بھلہ، شاہدہ جبیں، سونیا خان، طاہر غالب اور دیگر شریک تھے۔ پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری نے   اسلام آباد کے احتجاجی مطاہرے سے خطاب میں کہا کہ ریاست مدینہ میں غریب کی شنوائی ہوتی تھی پی ٹی آئی  کے دور میں رسوائی ہوتی ہے۔ معیشت تباہی کے دہانے اور غریب و بے بس طبقات حکمرانوں کے نشانے پر ہیں۔  آزادکشمیر   میں ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی چوہدری پرویز اشرف، چوہدری ولید اشرف، بھمبر سٹی سے انیس کشمیری، قمر ادریس،  ملک بابو خان،  خان رئوف، چوہدری عبدالرحمن پھانبڑا، کیپٹن مسعود ضلعی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر کی قیادت میں  مہنگائی کے خلاف احتجاج  کیا گیا۔ قصور میں شہباز خان  روڈ پر ریلی نکالی گئی۔  کوئٹہ میں سیکرٹری جنرل  روزی خان کاکڑ و دیگر رہنماؤں کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حافظ آباد میں  کسوکی سے نکالی گئی ریلی کی قیادت سابق ایم پی اے اور پی پی پی کے ضلعی صدر ملک وزیر اعوان، سید مصدق غزنوی، محمد یاسین سندھو و دیگر نے کی۔ گوجرانوالہ  میں بھی میاں اظہر حسن ڈار‘ میاں ودود حسن ڈار‘ خالد حسین باجوہ نے مہنگائی کے خلاف ریلی کی قیادت کی۔ اسی طرح شیخوپورہ میں چودھری خالق عزیز مت ورک‘ چودھری منیر قمر واہگہ‘ سید ندیم عباس کاظمی و دیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔ ریگل چوک کراچی صدر پر پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے دن گنے جا چکے اور عمران خان کے سارے پیج پھٹ چکے ہیں۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ملک بھر کے عوام آئی ایم ایف اور پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ حکمرانوں نے مزدور کے گھر کا چولہا بند کر دیا ہے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری نے ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف منظم انداز میں احتجاج پر صوبائی و ضلعی تنظیموں اور پارٹی کے جیالوں کو شاباش دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عوام کے تاریخی احتجاج نے ثابت کر دیا کہ معاشی قتل عام کا سلسلہ اب نہیں چلے گا۔ عوام نے عمران خان کی نااہلی پر مبنی پالیسیوں کو مسترد کر دیا۔ آصف زرداری نے کہا  پیپلز پارٹی جنگ سے تباہ حال ملک دوبارہ تعمیر کر سکتی ہے تو مہنگائی اور بے روزگاری پر بھی قابو پا سکتی ہے۔ اب ملک کا ہر شہری مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہے۔ ہم کسی سے انتقام لینے میں وقت ضائع نہیں کرتے۔ ہماری ترجیح عوام کی خدمت ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو میدان میں آ چکے فتح عوام کی ہوگی۔ پیپلز پارٹی مہنگائی ختم کرکے ملک میں خوشحالی لائے گی۔ بہاولپور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ‘ بھلوال اور گوجرانوالہ میں بھی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ادھر کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں۔ 

ای پیپر دی نیشن