اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پبلک سیکٹر ملازمین کو بہترین رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کی پالیسی پر کار بند ہے، اس مقصد کے لئے پی ڈبلیو ڈی کو ایک سمارٹ اور موثر تنظیم میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کے تمام ہائوسنگ یونٹس کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں، جلد از جلد نئے عمودی ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر کے لئے ضروری قوانین کو جلد از جلد نافذ کیا جائے، وفاقی حکومت کے ملازمین کے لئے بہترین معیار کے رہائشی یونٹس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے بہترین معیار کے رہائشی یونٹس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ دریں اثناء اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے روزگار کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غربت میں کمی آرہی ہے، مالی سال 2022-23 میں غربت کی شرح 4فیصد رہ جائے گی۔ جمعہ کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ورلڈ بینک کے تخمینے کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی ہوئی ہے، 2011 میں عالمی بینک کی غربت کی لکیرکا یومیہ پیمانہ 1.90ڈالر تھا۔ وزیراعظم کہا کہ رواں مالی سال غربت کی شرح 4.8فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ گزشتہ مالی سال میں 5.3فیصد تھی۔ پاکستان میں غربت میں بتدریج کمی آرہی ہے اور مالی سال2022-23میں غربت کی شرح 4فیصد رہ جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے رکنِ قومی اسمبلی امجد خان نیازی کی ملاقات میں ملکی صورتحال اور میانوالی میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں سے میانوالی میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع پر بھی گفتگوکی گئی۔ عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ ترک حکومت اور عوام کو 98 ویں سالگرہ مبارک ہو۔ دونوں ممالک کے عوام کے تعلقات پرانے ہیں۔ دریں اثنا کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے سرکاری اراضی واگزار کرانے اور احتساب کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کا عمل تیز اور شفاف ہونا چاہیئے، تجاوزات ہٹاتے وقت غریب آدمی کو متبادل ضرور فراہم کیا جائے، آزاد کشمیر میں سرکاری اراضی کو واگزار کرکے اس پر جنگلات اگائے جائیں، سیاحت کے فروغ کیلئے سہولیات کے ساتھ ساتھ جنگلات کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت جمعہ کو کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے سماجی تحفظ کے منصوبوں، صحت کارڈ، نوجوانوں کیلئے روزگار، کسانوں کی معاونت اور کم لاگت رہائش کے حصول کے دائرہ کار کو وسیع کرکے کشمیر کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اراضی واگزار کرانے اور احتساب کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کا عمل تیز اور شفاف ہونا چاہئے، تجاوزات ہٹاتے وقت غریب آدمی کو متبادل ضرور فراہم کیا جائے، اسلام آباد کے ماڈل پر ریڑھی بانوں کو نشاندہی کئے ہوئے علاقوں میں سہولیات فراہم کی جائیں۔
سرکاری اراضی واگزارکرانے اور احتساب کا عمل تیز کیا جائے،عمران
Oct 30, 2021