لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کرونا وائرس کیخلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے ویکسین لگوانا عوام الناس کے اپنے مفاد میں ہے جس پر حکومت نے اربوں روپے خرچ کرکے لوگوں کو یہ سہولت بہم پہنچائی ہے جن لوگوں نے ابھی تک یہ ویکسین نہیں لگوائی وہ اب مزید دیر نہ کریں اور ویکسین لگوا کر اپنے آپ کو کورونا سے محفوظ کریں۔کرونا کے علاوہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریضوں کے علاج معالجے کی وافر سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے یہ بات گذشتہ روز کرونا وائرس ویکسی نیشن مراکز اور ہسپتالوں کے دورے کے دوران عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے اور ہسپتالوں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمے جو کام ہے وہ کماحقہ پورا کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحت مندانہ ماحول پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں متعلقہ محکموں کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صفائی کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکومتی اداروں کی ٹیمیں ہر جگہ جا کر سپرے کر رہی ہیں۔
کرونا کیخلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے ویکسین لگوانا ضروری،راجہ راشد حفیظ
Oct 30, 2021