لاہور (سٹی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے کی ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل اور چیئرمین لوکل کونسلز ایسوسی ایشن زاہداقبال بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کونسلز کے سربراہوں نے وزیر بلدیات کو ضلعی حکومتوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ضلعی حکومتوں کو فنڈز کی فراہمی اور افسران کی تعیناتی سے متعلقہ مسائل بھی زیرغور آئے۔میاں محمودالرشید نے سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کو ڈسٹرکٹ کونسلزچیئرمینوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اگلے 48گھنٹوں میں ڈسٹرکٹ کونسلز چیئرمینوں کو گاڑیوں اور دفاتر کی فراہمی کیلئے مؤثراقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ کونسلز چیئرمینوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ضلعی حکومتوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانا اولین ترجیح ہے۔مقامی ضلعی حکومتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ڈسٹرکٹ کونسلز چیئرمینوں نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ وہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ سہولیات فراہم کی جائیں تو عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکتے ہیں۔ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، چنیوٹ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، خانیوال، مظفرگڑھ، بھکر، جھنگ اور خوشاب کی ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمین اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ راولپنڈی اور وہاڑی سے بلدیاتی نمائندے اجلاس میں موجود تھے۔