احمقانہ پالیسیوں نے ملکی معیشت برباد کردی، تنویر قریشی

Oct 30, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری مالیات تنویر قریشی نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے غلط حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں کے باعث ملکی تباہ حال معیشت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی کی اہم وجہ کڑی اور سخت شرائط پر بیرونی قرضوں اور امداد کے حصول کا تسلسل ہے جس کے سبب ملکی فیصلوں کا ا ختیار بیرونی آقاں کے ہاتھوں میں چلاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی حکمرانوں نے بیرونی قرضوں کے عوض ملکی خودمختاری غیروں کے ہاں گروی رکھ کر ملک کو بے ساکھیوں پر چلنے والا محتاج اور ریمورٹ سے چلنے والا کھلونا بنادیا ہے جس کا تمام تر خمیازہ مظلوم عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں اور امدار پر نہیں بلکہ مربوط اور مضبوط معاشی پالیسیوں پر چلتے ہیں لیکن ہمارے کم عقل اور نااہل حکمران بیرونی قرضوں اور امداد کو اپنی کامیابی سمجھ کر خوشی کے نغمے گاتے دکھائی دیتے ہیں جو ملکی بنیادیں کمزور کرنے کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں عوامی نمائندوں کی حکومت نہیں بلکہ IMFاور دیگر بیرونی مالیاتی اداروں کی حکمرانی ہے جسکی تمام ترذمے داری ان نااہل و کرپٹ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اپنی شاہی خرچیوں اورعیاشیوں کیلئے ملکی سلامتی و خودمختاری غیروں کے سپرد کرکے وسائل اور اختیارات کا رونا روکے اپنی ذمہ داری سے برالذمہ ہونے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

مزیدخبریں