آسیان پاکستان کے مابین تجارتی حجم صرف 7 بلین ڈالر ہے ، زبیر طفیل

Oct 30, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر) صدر یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) زبیر طفیل نے کہا کہ آسیان اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت کا حجم صرف 7 بلین ڈالر ہے جو کے پوٹینشیل سے بہت کم ہے،آسیان ممالک ریجنل معاشی وتجارتی اتحاد سے معاشی ترقی کی،آسیان ممالک میں انڈونشیا ، ملائشیا، ویت نام و تھائی لینڈ کی ترقی بے مثال ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارپاکستان آسیان بزنس فورم کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے انڈونیشیا کے پاکستان میں سفیر آدم ایم ٹوگیو ،سیکریٹری جنرل یو بی جی ظفربختاوری، ڈائریکٹر جنرل فارن آفس عامراحمداتوزئی ، شکیل منیر ، احسن بختاوری تھائی لینڈ کے پاکستان میں سفیر چکرڈ کراچئی وونگ ، ویت نام کے پاکستان میں سفیر نگوین ٹین پونگ ، ملائیشیا کے ناظم الامور ڈیڈی فیصل احمد صالح ، میانمارکے منسٹر کونسلر سن یو کیو ، احمد وحید،محسن خالد ، میاں رحمان عزیز چن، صدف عاصم عباسی ، محمد اظہرچوہدری ،نعمان شمیم خان  نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آسیان ممالک کے سفیروں و ملکی بزنس لیڈرز کا آسیان ممالک اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت پرزور تاکہ باہمی معاشی و تجارتی صلاحیت کو مزید فروغ دیا جا سکے جس سے دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں آسیان ممالک اور پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں، آزاد تجارتی معاہدہ، تجارتی مکالمہ اور جارحانہ اقتصادی سفارت کاری، کاروبار سے کاروبار اور حکومت سے حکومت کے درمیان تعاون، اداروں کے درمیان مضبوط باہمی تعلقات اقتصادی اور تجارتی تعاون کی نئی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ دوطرفہ معاشی وتجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے پاکستان و آسیان ممالک کے درمیان فری ٹریڈ معاہدے کی ضرورت ہے،آسیان ممالک اور پاکستان کے درمیان ڈائریکٹ ایئر لنک ہونا چاہہے تاکہ دونوں طرف کے باہمی روابط بڑھیں، آسیان سے انڈسٹری یہاں شفٹ ہونی چاہہے اور صنعتی تعاون مزید بڑھایا جائے۔ انڈونیشیا کے سفیر آدم ایم ٹوگیو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آسیان ممالک اور پاکستان میں باہمی معاشی وتجارتی  تعاون بڑھانے پرزوردیا۔انہوں نے کہا کہ آسیان و پاکستان کو معاشی و تجارتی تعلقات کی مضبوطی کے لئے حکومتی سطح ، بزنس کمیونٹی اور لوگوں کے درمیان تعلق کو نئے سرے سے استوار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاچین کے ساتھ بھی فری ٹریڈ معاہدہ ہے اوراسی طرح آسیان و چین کے درمیان بھی ایف ٹی اے ہوچکا ہے جس سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فارن آفس عامراحمداتوزئی نے کہا 3 ٹریلین ڈالر جی ڈی پی کی آسیان ممالک کی معیشیت میں پاکستان کے لئے بڑے مواقع موجود ہیں، د ونوں جانب کی ٹریڈ و معاشی تعلقات پر مربوط پالیسیاں اپنائی جارہی ہیں جس کے مستقبل قریب میں اچھے نتائج آنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں