گوانتانامو جیل میں 19 سالہ قید کے بعد سیف اﷲ پراچہ پاکستان پہنچ گئے

Oct 30, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) 74 سالہ پا کستانی سیف اللہ پراچہ کو گوانتانامو امریکہ میں 19سال قیدرکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق گوانتانامو سے رہائی کے بعد پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ سیف اللہ پراچہ کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے 2003ء میں کراچی سے بنکاک پہنچتے ہی ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے افغانستان میں بگرام منتقل کر دیا تھا۔ ان پر القاعدہ کی مدد کا الزام تھا۔ ایک سال تک بگرام میں رکھنے کے بعد انہیں 2004ء میں گوانتانامو بے جیل منتقل کر دیا گیا۔ سیف اللہ پراچہ 19 سال امریکا کی قید میں رہے لیکن ان پر نہ تو کوئی فرد جرم عائد کی گئی اور نہ ہی مقدمہ چلایا گیا۔ حراست میں انہیں دو بار دل کا دورہ بھی پڑا۔امریکا نے سیف اللہ کے بیٹے عزیر پراچہ کو بھی 2003ء میں القاعدہ کی مدد کے الزام میں نیویارک میں گرفتار کیا۔ عزیر پراچہ کو 17 سال قید کے بعد 2020ء میں رہا کر کے پاکستان بھجوا دیا گیا تھا۔ دونوں باپ بیٹے امریکی شہریت بھی رکھتے تھے۔

مزیدخبریں