عمران کا فون‘ راجہ ناصر عباس نے لانگ مارچ  میں شرکت کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ عمران خان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خیریت دریافت کی۔ حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے احوال پرسی پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وطن کے استحکام اور استقلال کی خاطر بیرونی طاقتوں کی غلامی سے نجات کا حصول ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی دیرینہ آرزو تھی۔ ہم اپنے قائد کے افکار ونظریات کی پیروی کرتے ہوئے وطن عزیز میں بیرونی مداخلت اور عدم استحکام کا راستہ روکنے کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عمران خان کی جانب سے  حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری اور ملک دشمن استعماری قوتوں کی غلامی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم حقیقی آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انشااللہ بھرپور شرکت کریںگے۔

ای پیپر دی نیشن