سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا 

Oct 30, 2022

لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے نجی ہسپتال سے پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوست مزاری کے کزن شباب مزاری کے مطابق سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔ شباب مزاری کے مطابق دوست مزاری نجی ہسپتال میں اپنے دادا اور سینئر سیاستدان و سابق  وزیراعظم  بلخ شیرمزاری کی عیادت کے لیے آئے تھے۔ خیال رہے کہ دوست مزاری پی ٹی آئی کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دوست محمد مزاری کو اراضی سکینڈل میں گرفتار کیا گیا۔ خبرنگار کے مطابق محکمہ انٹی کرپشن نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب کو محکمہ اینٹی کرپشن نے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔سرکاری ہینڈ آوٹ کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے دوست محمد مزاری کو تنبیہ کے دو نوٹس جاری کئے مگر وہ پیش نہ ہوئے ۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے دوست محمد مزاری کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

مزیدخبریں