اسلام آباد (خبرنگار)وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کے روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں یورو ولیج فیسٹیول کو نہ صرف یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے بلکہ لوگوں کے درمیان رابطے کے فروغ کی کوشش قرار دیا۔فیسٹیول کا انعقاد کوویڈ 19 کے بعد تین سال بعد کیا گیا ہے، آج 1962 سے شروع ہونے والی پاک ، ای یو پارٹنرشپ کا 60 واں سال ہے، یورپین یونین اور پاکستان دو ایسے دوست ہیں جو اعتماد، تعاون اور امن کے مشترکہ ایجنڈے پر مبنی طویل مدتی تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، امیر مقام نے کہا کہ ثقافت معیشت کے ابھرتے ہوئے رجحانات اور قیام امن کے اقدامات میں ایک بہترین ذریعہ ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں شراکت داروں کے درمیان تعلقات کی مزید نمائشیں سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا کردار ہمیشہ بات چیت میں ایک پارٹنر کا پایا جاتا ہے، جس سے پاکستان کو اپنا راستہ تلاش کرنے اور جمہوری استحکام کے لیے اپنا فارمولہ وضع کرنے میں مدد ملتی ہے ،انہوں نے کہا کہ یورپین یونین پاکستان کو سالانہ سو ملین یورو گرانٹ دیتا ہے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی رو مینہ خورشید عالم نے کہا کہ کوویڈ کے بعد سیلاب کے باعث پاکستان کو نقصان کا سامنا ہے، ہم یورپین یونین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری مدد کی، ہمیں ثقافتی، سماجی اور نوجوانوں کے لئے سر گرمیوں کے انعقاد کے لئے مزید ایسی سر گرمیاں منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔ یورپین یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیو نکا کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کی ثقافت، زبانوں، مذہب، تاریخ ، شناخت سے پیار ہے، ہم میں بہت سے اقدار مشترک ہیں۔ اس موقع پر مختلف یورپی ممالک کی جانب سے سٹال لگائے گئے جس میں بچوں کی تفریح کے لئے کھیلوں سمیت ثقافت ، معیشت کے حوالے سے معلومات بھی دی گئیں، اس موقع پر میوزیکل نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ یورو ویلج میں کھانے کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے
ثقافت معیشت کے ابھرتے رجحانات اور قیام امن اقدامات کا بہترین ذریعہ ،امیر مقام
Oct 30, 2022